نئی دہلی:10 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کو فرقہ وارانہ احساسات مجروح کرنے والے ان کے مبینہ بیان کو پہلی نظر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بتاتے ہوئے وجہ بتاؤنوٹس جاری کیا ہے۔کمیشن نے گزشتہ ماہ کریم نگر میں ایک جلسہ عام کے دوران راؤ کی طرف سے مبینہ طور پر ہندوؤں کے تئیں بیان دینے کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے بدھ کو یہ کارروائی کی۔ کمیشن نے راؤ سے 12 اپریل تک اس معاملے میں اپنا جواب دینے کو کہا ہے۔تلنگانہ کے وشو ہندو پریشد کے سربراہ ایم راما راجو نے کمیشن کے سامنے کی گئی اپنی شکایت میں دعوی کیا کہ راؤ نے 17 مارچ کو کریم نگر میں ایک جلسہ عام میں انتخابی مفاد کے لئے ہندوؤں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ کمیشن نے ریاست کے چیف الیکشن افسر کی رپورٹ کی بنیاد پر راؤ کے بیان کو پہلی نظر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔